افغان سفیر کی جانب سے پچاسی افغان طالبان کی نشان دہی

اسلام آباد﴿روزنامہ یورپ انٹرنیشنل﴾پاکستان میں تعینات افغان سفیر نے 85 افغان طالبان کی فہرست مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے حوالے کردی ہے۔

وزیراعظم نوازشریف کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز سے پاکستان میں تعینات افغان سفیر عمر زخیوال نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی سمیت دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اس موقع پر افغان سفیر نے 85 افغان طالبانوں کی فہرست بھی مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے حوالے کی۔

ملاقات کے بعد جاری بیان میں افغان سفیر کا کہنا تھا کہ کابل سے واپسی پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور پاکستانی عسکری حکام سے ملاقاتیں ہوئیں جس میں ہم نے ایک سمت میں چلنے اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی جلد ختم ہونے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

افغان سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین تحفظات اورشکایات کے ازالے کے لیے سازگار ماحول کی توقع ہے اور امید ہے کہ مذاکرات کے نتیجے میں دو طرفہ تناؤ کم ہو گا۔

واضح رہے پاکستان میں جاری حالیہ دہشت گردی کی لہر جس میں 100 سے زائد افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہوچکے ہیں اور ان واقعات کی ذمہ داری افغانستان میں موجود کالعدم تنظیم جماعت الحرار نے قبول کی تھی جس کے بعد پاکستان نے افغانستان سے ان دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا لیکن موثر جواب نہ ملنے پر پاک فوج نے افغانستان میں قائم جماعت الحرار کے کیمپوں پر کاروائی کی اور تب سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بھی کشیدہ ہوگئے ہیں۔