حدیبیہ کیس میں سماعت ملتوی کرنے کی نیب درخواست مسترد

www.dailyeuropeint.com

اسلام آباد﴿روزنامہ یورپ انٹرنیشنل﴾سپریم کورٹ نے حدیبیہ پیپر ملز کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی نیب کی درخواست مسترد کردی۔
جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے حدیبیہ کیس کی سماعت کی۔ نیب نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی جسے عدالت عظمیٰ نے مسترد کردیا ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے سپریم کورٹ سے درخواست کی کہ حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس میں نئے پراسیکیوٹر کی تقرری تک سماعت ملتوی کی جائے۔
جسٹس مشیر عالم نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ جس بنیاد پر آپ سماعت ملتوی کرانا چاہتے ہیں یہ کوئی نکتہ نہیں۔ جسٹس فائز عیسیٰ نے کہا کہ عدالت کا مذاق نہ اڑائیں، کیوں نہ آپ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں، ہمارے لیے ہر کیس ہائی پروفائل ہے، اگر نیب سے کوئی لاء افسر پیش نہیں ہو سکتا تو پھر استعفا دے دیں، التواء کی درخواست دائر کرنے کا حکم کس نے دیا۔
ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب عمران الحق نے بتایا کہ التواء کی درخواست کا فیصلہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں اجلاس میں ہوا، کیس کی پیروی کے لیے نئے پراسیکیوٹر جنرل کے نام کی سمری بھیجی ہوئی ہے، جلد منظور ہو جائیگی، مناسب ہوگا اس ہائی پروفائل کیس میں پراسیکیوٹر جنرل خود پیش ہوں۔ جسٹس فائز عیسیٰ نے کہا کہ کیس تو ملتوی نہیں ہو گا، کیوں نہ چیئرمین نیب کو بلا کر پوچھ لیا جائے۔

https://www.youtube.com/dailyeuropeint/
Subscribe our Youtube channel.