سپاٹ فکسنگ: ایف آئی اے بکیوں کے بین الاقوامی نیٹ ورک تک پہنچ گیا

لاہور ﴿روزنامہ یورپ انٹرنیشنل﴾ پاکستان سپر لیگ اسپاٹ فکسنگ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، ایف آئی اے بکیوں کے بین الاقوامی نیٹ ورک تک پہنچ گیا،بکی لاہور،کراچی اور دبئی سے کھلاڑیوں سے رابطے کرتے رہے،محمد عرفان نے ہر طرح کی آفر ٹھکرا دی ۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے پی ایس ایل کے دوران اسپاٹ فکسنگ کے لئے کھلاڑیوں سے رابطے کرنے والے بکیز کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ بکیوں کی جانب سے لاہور، کراچی اور دبئی میں ہونے والے رابطوں کی تفصیلات ایف آئی اے کو مل گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹر محمد عرفان نے اپنے بیان میں حقائق سے پردہ اٹھایا ۔ کراچی کے بکی ساجد لطیف نے محمد عرفان سے رابطہ کیا تاہم محمد عرفان نے ہر طرح کی پیشکش کوٹھکرا دیا۔ بکی ساجد لطیف کا رابطہ دبئی کے بڑے بکی یوسف اور ایوب بھائی سے تھا ۔ دو بڑے بکی عبید بھائی اور مصری شاہ کے بھی کھلاڑیوں سے رابطے ہوئے جن کی چھان بین کی جارہی ہے ۔